لاہور : محکمہ موسمیات کے مطابق، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے، جبکہ بلوچستان کے زیادہ تر علاقوں میں شدید سرد موسم رہے گا۔ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم نارووال، سیالکوٹ اور جہلم میں بارش کی توقع ہے۔
مری، گلیات اور ان کے ارد گرد برفباری کے امکانات ہیں، اور خیبرپختونخوا کے اضلاع ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، کوہستان، دیر اور سوات میں بھی کہیں کہیں بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ گلگت بلتستان میں بھی بعض مقامات پر بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
دوسری طرف، لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال اب سنگین ہو چکی ہے۔ عالمی سطح پر آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور ساتویں نمبر پر آ گیا ہے۔ شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 184 ریکارڈ کیا گیا ہے، جو صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔ ڈی ایچ اے فیز ایٹ میں سب سے زیادہ اے کیو آئی 423 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ وحدت روڈ پر 348 اور ٹھوکر نیاز بیگ پر 324 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، لاہور کا موسم خنک ہے اور کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 ڈگری تک جا سکتا ہے، اور ہوائیں 3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔