Wed, September 16, 2026

علامہ صاحب کے افکار، وحید انصاری کی گفتگو اور پنجاب!

علامہ صاحب کے افکار، وحید انصاری کی گفتگو اور پنجاب!

گزشتہ روز ایک یادگار نشست میں معروف دانشور، بیوروکریٹ اور محب وطن شخصیت جناب وحید اختر انصاری بالٹی مور سے تشریف لائے اور کامیاب بزنس مین شیخ امجد جمیل کے ساتھ ایک اہم گفتگو میں شریک ہوئے۔ اس نشست میں پنجاب اور وفاقی حکومت کی عسکری قیادت کی حالیہ کامیابیوں، فوجی انتظامات اور قومی خدمات کے تذکرے کے ساتھ برصغیر کی تاریخی جدوجہد پر بھی سیر حاصل تبادلہ خیال ہوا۔ خصوصاً جناب وحید اختر انصاری نے ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے افکار اور تحاریر، برصغیر میں انگریز کے دور میں پنجاب کے کردار اور سیر حاصل مزاحمت کے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔علامہ اقبال کے افکار مسلمانوں کے لیے ہمیشہ روشنی کا مینار رہے ہیں۔ ان کی شاعری اور نثر صرف فلسفہ یا تصوف کی عکاس نہیں بلکہ قوم کی فکری بیداری، خودی کی پہچان اور قومی شعور کی رہنمائی بھی فراہم کرتی ہیں۔ اقبال نے مغرب کی مادی ترقی اور مشرق کی روحانی پستی کے درمیان فرق واضح کیا اور مسلمانوں کو نصیحت کی کہ وہ صرف دنیاوی ترقی کی دوڑ میں نہ پڑیں بلکہ اپنی روحانی، اخلاقی اور علمی قدروں کو بھی برقرار رکھیں۔اقبال کے افکار میں سب سے نمایاں پہلو خودی کا تصور ہے۔ ان کے مطابق ہر انسان اور ہر قوم کی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب وہ اپنی خودی کو پہچان لے اور اپنی فکری و روحانی طاقت کو بروئے کار لائے۔ یہی فلسفہ مسلمانوں کی الگ قومی شناخت اور بعد میں دو قومی نظریہ کی فکری بنیاد بھی ثابت ہوا۔ اقبال نے بارہا اس بات پر زور دیا کہ برصغیر کے مسلمانوں کی تہذیبی، ثقافتی اور مذہبی بنیادیں ہندوئوں سے مختلف ہیں، اور اسی بنیاد پر ایک الگ قومی تشخص اور خودی کی مضبوطی لازم ہے۔معروف دانشور اور بیوروکریٹ جناب وحید اختر انصاری کے مطابق نئی نسل کے لیے اقبال کے افکار اور تحاریر لازمی مطالعہ ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ افکار نوجوانوں میں خودی کی اہمیت، فکری بلندی اور قومی شعور پیدا کرتے ہیں، جو آج کے دور میں بھی اتنی ہی ضروری ہیں جتنی اقبال کے زمانے میں تھیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ اقبال کے افکار اور تحاریر تعلیمی نصاب کا حصہ بنیں تاکہ نوجوان نہ صرف اپنی ثقافت اور تاریخ کو سمجھیں بلکہ فکری بیداری کے ذریعے اپنے معاشرتی اور قومی کردار کو مضبوط کر سکیں۔ اب اصل نقطے پر آتے ہیں: بعض نام نہاد دانشور محض گفتگو اور اپنی خفت مٹانے کے لیے کہتے ہیں کہ پنجاب ہر حملہ آور کے سامنے لیٹ جایا کرتا تھا۔ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔ پنجاب کی سرزمین نے صدیوں تک ہر حملہ آور، چاہے وہ مغل ہو، افغان ہو یا برطانوی انگریز، کے سامنے اپنی عسکری طاقت، فوجی مہارت اور قومی جذبے کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ پنجاب کے سورماؤں کی بہادری اور فوجی تربیت نے انہیں ہر محاذ پر مؤثر بنایا اور اکثر اوقات حملہ آوروں کے لیے مشکلات پیدا کیں۔برصغیر میں انگریز کے قدم جمانے کا عمل طویل اور تدریجی تھا۔ ابتدائی طور پر ان کی گرفت بنگال پر مضبوط ہوئی، اور پلاسی کی لڑائی کے بعد نواب سراج الدولہ کے سرنڈر نے ان کے تسلط کے دروازے کھول دیئے۔ مگر شمالی ہندوستان میں پنجاب کی سکھ سلطنت، رنجیت سنگھ کی قیادت میں، برطانوی فوج کے لیے سب سے بڑا چیلنج تھی۔ پنجاب نے ہر حملہ آور کے سامنے اندھا دھند سرنڈر نہیں کیا بلکہ مزاحمت کی، جس کا ثبوت شمالی ہندوستان میں انگریز کی پیش رفت میں تاخیر سے ملتا ہے۔رنجیت سنگھ کی قیادت میں پنجاب نے مضبوط فوجی اور انتظامی ڈھانچے قائم کیے، جس نے شمالی ہندوستان میں انگریز کی پیش رفت کو کئی دہائیوں تک محدود رکھا۔ شمالی علاقوں میں انگریز نے کئی بار کوشش کی کہ سکھ سلطنت اور پنجاب کی فوج کو شکست دے، مگر ان کی ہر پیش قدمی کو فیصلہ کن مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ یہی وجہ ہے کہ پنجاب کی مزاحمت کو تاریخ میں انگریز کے سامنے آخری اور فیصلہ کن مرحلے کی رکاوٹ کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔پنجابی سورماؤں نے صرف رنجیت سنگھ کی قیادت میں نہیں بلکہ مقامی قبائل، سرحدی سرداروں اور چھوٹے شہروں کے جنگجوئوں کے ذریعے بھی مزاحمت جاری رکھی۔ ان کی بہادری، قربانی اور استقلال نے انگریز کی پیش رفت کو سست کر دیا۔ پنجاب کے ہر محاذ پر فوجی تربیت اور عسکری حکمت عملی نے ثابت کیا کہ یہ خطہ ہر حملہ آور کے لیے چیلنج رہا ہے۔جناب وحید اختر انصاری نے بھی اس تاریخی حقیقت پر زور دیا کہ پنجاب کے سورمائوں نے برصغیر میں آزادی کی تحریک میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی بہادری، قربانی اور عسکری مہارت نے نہ صرف فوجی بلکہ سیاسی اور ثقافتی سطح پر بھی برصغیر کی آزادی کے سفر کو مضبوط کیا۔اقبال کے افکار کے تناظر میں دیکھا جائے تو پنجاب کی یہ مزاحمت ایک عملی مثال ہے کہ قومی خودی، فکری بیداری اور اخلاقی قیادت ہی کسی قوم کو حقیقی آزادی اور وقار دلا سکتی ہے۔ اقبال نے مغربی ترقی کی مادی کامیابیوں کو سراہا، مگر انہوں نے یہ واضح کیا کہ حقیقی ترقی صرف مادیت تک محدود نہیں، بلکہ علم، اخلاق اور روحانیت پر بھی مبنی ہونی چاہیے۔ یہی پیغام آج کے نوجوانوں کے لیے سبق آموز ہے کہ آزادی اور عزت کی راہ میں مضبوط خودی اور فکری شعور بنیادی ضرورت ہیں۔پنجاب کی مزاحمت اور رنجیت سنگھ کی فوجی حکمت عملی نے انگریز کے لیے شمالی ہندوستان کو طویل عرصے تک فتح کرنا مشکل بنا دیا۔ یہ مزاحمت نہ صرف فوجی محاذ پر بلکہ سیاسی اور ثقافتی سطح پر بھی ایک روشن مثال ہے۔ پنجاب کی زمین پر سورمائوں کی قربانیاں اور عسکری استقامت نے نوجوان نسل کے لیے یہ سبق قائم کیا کہ قومی شعور، قربانی اور بہادری کے بغیر حقیقی آزادی حاصل نہیں کی جا سکتی۔یوں کہا جا سکتا ہے کہ پنجاب، اقبال کے افکار اور جناب وحید اختر انصاری کی بصیرت نوجوانوں کے لیے ایک مکمل سبق فراہم کرتی ہے۔ یہ تینوں عناصر اقبال کے افکار، انصاری صاحب کی گفتگو اور پنجاب کے سورماؤں کی قربانیاں  مل کر ایک تاریخی، فکری اور اخلاقی درس دیتے ہیں، جو قومی ترقی، خودی کی پہچان اور برصغیر میں آزادی کے سفر کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔پنجاب نے ہر دور میں ثابت کیا کہ وہ ہر حملہ آور کے سامنے لیٹنے والی ریاست نہیں تھی۔ اس کی فوجی مہارت، عسکری حکمت عملی اور قومی جذبہ آج بھی نوجوانوں کے لیے ایک رہنما اصول ہے۔ تاریخ کی یہ حقیقت، جناب وحید اختر انصاری کی گفتگو اور اقبال کے افکار کی روشنی میں، یہ واضح کرتی ہے کہ تاریخی شعور، قومی خودی اور بہادری ہی حقیقی ترقی اور آزادی کی ضمانت ہیں۔

ٹیگز: