اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت شدید سردی کی لہر جاری رہے گی، جب کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقے اسموگ اور دھند سے متاثر ہوں گے۔
اسلام آباد، پوٹھوہار کا علاقہ، کشمیر اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح کے وقت کہرا پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہا، اور پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کا سامنا رہا۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بعض میدانی علاقوں میں دھند چھائی رہی۔
کم سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 08 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ لھہ، زیارت، قلات میں منفی 07 ڈگری سینٹی گریڈ، کوئٹہ اور گلگت میں منفی 05 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت گر گیا۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سرد موسم اور دھند کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر سفر کرنے والے افراد دھند کی شدت میں محتاط رہیں۔