Wed, September 16, 2026

وزیراعلیٰ پنجاب نے امام مسجد کے اعزازیہ کارڈ کی منظوری دے دی

وزیراعلیٰ پنجاب نے امام مسجد کے اعزازیہ کارڈ کی منظوری دے دی

لاہور:  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں امام مسجد کے لیے اعزازیہ کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ اعزازیہ کارڈ یکم جنوری 2026 سے فعال ہوگا اور آئمہ کرام کو پہلی بار پے آرڈر کے ذریعے ادائیگیاں کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آئمہ کرام کے اعزازیہ کی ادائیگی یکم فروری 2026 سے "وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ کارڈ برائے امام مسجد صاحب" کے ذریعے کی جائے گی۔ اس کے لیے ایک ڈیڈ لائن بھی مقرر کی گئی ہے، جو فروری 2026 تک مکمل ہو گی۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ امام مسجد کی رجسٹریشن کا عمل جاری رکھا جائے، اور اب تک 62994 رجسٹریشن فارم جمع ہو چکے ہیں، جن کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی امام مسجد اخلاقی یا مالی جرائم میں ملوث پایا جائے گا یا ملک کے مفادات کے خلاف کام کرے گا، تو اس کا اعزازیہ بند کر دیا جائے گا۔

صوبے بھر میں مسجد مینجمنٹ کمیٹیاں اور تحصیل مینجمنٹ کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں تاکہ امام مسجد کے مسائل اور ضروریات کو بہتر طریقے سے حل کیا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ ہر ماہ امام مسجد کے ساتھ ملاقات کریں تاکہ ان کے مسائل سنے جا سکیں۔

اجلاس میں سیف سٹی کیمروں کے حوالے سے قانون سازی کرنے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ فورتھ شیڈول میں شامل جرائم پیشہ افراد کی ڈیجیٹل نگرانی کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان پناہ گزینوں کے خلاف آپریشن کو مسلسل جاری رکھنے کا حکم دیا، تاکہ ان کی غیر قانونی موجودگی کو روکا جا سکے۔

ٹیگز: