اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے حج 2027 کے انتظامات کا آغاز کر دیا ہے، سرکاری حج سکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی رواں ہفتے شروع ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق سرکاری حج سکیم کا باضابطہ اعلان وزارت مذہبی امور جلد کرے گی، جس کے بعد عازمین حج درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔ سرکاری سکیم کے تحت 60 فیصد حج کوٹے میں ایک لاکھ 7 ہزار 832 عازمین حج کی ادائیگی کریں گے۔
حکام کے مطابق سرکاری حج سکیم کے اخراجات عازمین سے دو اقساط میں وصول کیے جائیں گے، جبکہ حج پالیسی کے اعلان کے بعد واجبات، درخواست کے طریقہ کار اور دیگر تفصیلات بھی جاری کر دی جائیں گی۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے رہائش، سفری انتظامات اور دیگر امور پر بھی کام جاری ہے۔
حج 2027 سے متعلق مزید تفصیلات وزارت کے باضابطہ اعلان کے بعد سامنے آئیں گی۔