Wed, September 16, 2026

وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب بھر میں جشن آزادی کی رونقیں دوبالا

وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب بھر میں جشن آزادی کی رونقیں دوبالا

لاہور : وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت کے بعد پنجاب میں 79ویں جشن آزادی کی تقریبات جوش و خروش سے جاری ہیں۔ جشن آزادی کے دوسرے دن صوبے کے ہر تحصیل، ضلع اور ڈویژن میں رنگا رنگ تقریبات منعقد کی گئیں۔

پنجاب کی گلیاں، بازار، چوراہے اور سڑکیں قومی پرچموں سے سجی ہوئی ہیں، اور ہر طرف جشن آزادی کی خوشیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ گجرات، خانیوال، ساہیوال، خوشاب کے ساتھ ساتھ جھنگ، وہاڑی، جہلم، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرانوالہ، چنیوٹ، سرگودھا اور چکوال میں بھی جشن آزادی کی رونقیں بڑھ گئی ہیں۔

جہلم میں وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر صحت اظہر کیانی نے جشن آزادی کی تقریب میں شرکت کی اور پاکستان کے یوم آزادی کا کیک کاٹا۔ اس کے علاوہ انہوں نے جشن آزادی کے موقع پر تیار کیے گئے طویل قومی پرچم کی تقریب میں بھی حصہ لیا۔

سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے جا رہے ہیں اور گھروں کو جھنڈیوں سے سجایا جا رہا ہے۔ سکولوں میں بھی مختلف تقریبات کا انعقاد ہو رہا ہے۔

پنجاب بھر میں سرکاری اور نجی عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے اور لوگ سڑکوں پر نکل کر اس خوبصورت منظر کو دیکھ رہے ہیں۔ خاص طور پر بچے جشن آزادی کی تقریبات میں بہت دلجمعی سے حصہ لے رہے ہیں۔

ٹیگز: