لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں آئندہ پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں ٹورنامنٹ میں سامنے آنے والے متعصبانہ رویے اور جانبدار فیصلوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ پی سی بی کے مطابق ایک ٹیم کو میچ نہ کھیلنے کے باوجود پوائنٹس دینا کھیل کے اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے، اور اس سے ٹورنامنٹ کی شفافیت پر سوالات اٹھے ہیں۔
بورڈ آف گورنرز کا کہنا تھا کہ کھیل کو سیاسی مقاصد اور محدود کاروباری مفادات کے تابع کر کے ایونٹ کے اصل مقصد کو مسخ کیا گیا۔ ٹورنامنٹ کے بنیادی اصولوں کو پسِ پشت ڈالنا افسوسناک اور مستقبل کے لیے خطرناک رجحان ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ منتظمین کی جانب سے دی گئی معذرت اس بات کا اشارہ ہے کہ فیصلے کسی اسپورٹس مین اسپرٹ کے تحت نہیں بلکہ مخصوص قوم پرستی کے دباؤ میں کیے گئے، جو کہ ناقابل قبول ہے۔
پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ وہ ایسے کسی ٹورنامنٹ میں شرکت کی اجازت نہیں دے گا جس میں کھیل کے نام پر سیاست کی جائے۔ لہٰذا اب کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی اس چیمپئن شپ میں حصہ نہیں لے گا۔