اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بڑا فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان ریلویز کے کرایوں میں مجوزہ اضافہ روک دیا ہے اور ٹول پلازہ فیس میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی معطل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ریلوے کے آپریشنل اخراجات میں غیر معمولی اضافہ ہوا تھا، جس کے پیشِ نظر کرایوں میں 30 فیصد اضافہ تجویز کیا گیا تھا۔ تاہم، وزیراعظم نے عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے کرایوں میں کسی بھی قسم کے اضافے کی تجویز مسترد کر دی۔ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق اکانومی اور اے سی کلاس سمیت تمام کلاسز کے کرائے پرانے نرخوں پر برقرار رہیں گے۔تاجروں کے لیے ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے فریٹ (مال بردار) ٹرینوں کے کرائے بھی نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت 30 جون تک 6 ارب روپے کا اضافی بوجھ خود برداشت کرے گی تاکہ سفر ہر شہری کی پہنچ میں رہے۔
عوام پر پڑنے والے بوجھ کو مزید کم کرنے کے لیے وزیراعظم نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کے ٹول ٹیکس میں سہہ ماہی اضافے کو بھی معطل کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے یکم اپریل کا نوٹیفکیشن منسوخ کرتے ہوئے نیا حکم نامہ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت 5 اپریل سے ہونے والا اضافہ اب لاگو نہیں ہوگا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی وجہ سے عوام پہلے ہی دباؤ میں ہیں، اس لیے مزید بوجھ ڈالنا مناسب نہیں۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی اور وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ان اقدامات کو وزیراعظم کا عوامی تحفہ قرار دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومت کی ترجیح عام آدمی کو براہِ راست ریلیف پہنچانا اور نقل و حمل کے اخراجات کو کنٹرول میں رکھنا ہے۔