Wed, September 16, 2026

بنوں میں ایف سی لائن پر خودکش حملہ ناکام، 4 دہشتگرد ہلاک، 5 اہلکار زخمی

بنوں میں ایف سی لائن پر خودکش حملہ ناکام، 4 دہشتگرد ہلاک، 5 اہلکار زخمی

بنوں / لکی مروت :بنوں میں دہشتگردی کی ایک بڑی کوشش کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی ایف سی لائن بنوں کی دیوار سے ٹکرا کر خودکش دھماکہ کیا، جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

پولیس کے مطابق دھماکے کے فوری بعد دہشتگردوں نے ایف سی لائن میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم مستعد سیکیورٹی اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چار دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ واقعے میں ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

دوسری جانب بنوں کی ایک ایف سی چیک پوسٹ پر مبینہ طور پر کواڈ کاپٹر کے ذریعے ڈرون حملہ کیا گیا، جس میں ایک اہلکار شہید اور تین زخمی ہو گئے۔

ادھر لکی مروت کے علاقے مچن خیل اڈہ میں تھانہ سٹی کی حدود میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ حملہ آور فرار ہو گئے، پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

سیکیورٹی اداروں نے واقعات کے بعد تمام حساس تنصیبات پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے۔

ٹیگز: