Wed, September 16, 2026

ویمنز کرکٹ ورلڈکپ2025: بنگلہ دیش نے پاکستان کو 7 وکٹو ں سے ہرادیا

ویمنز کرکٹ ورلڈکپ2025: بنگلہ دیش نے پاکستان کو 7 وکٹو ں سے ہرادیا

کولمبو: آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے افتتاحی مقابلے میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا، جب بنگلہ دیش نے انہیں سات وکٹوں سے شکست دے کر میچ یکطرفہ بنا دیا۔

کولمبو کے آر. پریما داسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، مگر پوری ٹیم 129 رنز پر 38.3 اوورز میں ہی پویلین لوٹ گئی۔

بنگلہ دیش نے مطلوبہ ہدف کو با آسانی 31.1 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، اور میچ میں 113 گیندیں باقی چھوڑ دیں۔

فتح کی بنیاد بائیں ہاتھ کی اوپنر حیدر نے رکھی، جنہوں نے 77 گیندوں پر ناقابلِ شکست 54 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 8 شاندار چوکے شامل تھے۔ ان کے ساتھ کپتان نگر سلطانہ نے 23 رنز کی محتاط اننگز کھیلی۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 62 رنز کی شراکت نے میچ کو بنگلہ دیش کے حق میں جھکا دیا۔

صوبانہ مستری نے بھی 19 گیندوں پر 24 رنز کی تیز اننگز کھیل کر فتح کو آسان بنا دیا۔

پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا، ڈیانا بیگ اور رمین شمیم کو ایک، ایک وکٹ ملی۔

پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز انتہائی خراب انداز میں کیا۔ صرف دو رنز پر ہی عمیما سہیل اور سدرہ امین بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئیں۔ دونوں کو ماروفا اختر نے پہلے اوور میں ہی میدان بدر کیا۔

اس کے بعد منیبہ علی (17) اور رمین شمیم (23) نے قدرے سنبھالا دیا، مگر وکٹیں گرنے کا سلسلہ تھما نہیں۔

عالیہ ریاض (13)، سدرہ نواز (15) اور کپتان فاطمہ ثنا (22) نے جزوی مزاحمت دکھائی، جبکہ ڈیانا بیگ نے 16 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر اسکور کو 129 تک پہنچایا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شورنا اختر نے سب سے بہترین بولنگ کی، اور صرف 5 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ماروفا اختر اور نہیدہ اختر نے دو، دو شکار کیے، جبکہ ربیہ خان، فہیمہ خاتون اور نشیتا اختر نیشی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بنگلہ دیش کی یہ جیت نہ صرف ان کے لیے حوصلہ افزا آغاز ہے، بلکہ پاکستان کے لیے خطرے کی گھنٹی بھی ہے، جنہیں اگلے میچز میں بہتری کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی۔

ٹیگز: