Wed, September 16, 2026

وزیراعظم کا آزاد کشمیر کی صورتحال پر اظہارِ تشویش، مسائل کے فوری حل کی ہدایت

وزیراعظم کا آزاد کشمیر کی صورتحال پر اظہارِ تشویش، مسائل کے فوری حل کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں جاری احتجاجی مظاہروں اور عوامی بے چینی پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور حکومت ان کے حل کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

وزیراعظم نے ایک بیان میں کہا کہ پُرامن احتجاج ہر شہری کا جمہوری حق ہے، لیکن عوام سے اپیل ہے کہ احتجاج کے دوران کسی بھی قسم کی بدامنی یا توڑ پھوڑ سے گریز کریں تاکہ امن و امان کی صورتحال خراب نہ ہو۔ ساتھ ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مظاہرین کے ساتھ صبر و تحمل سے پیش آئیں اور غیر ضروری سختی سے بچیں۔

شہباز شریف نے مظاہروں کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات کا حکم دیا ہے، اور متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد پہنچانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

صورتحال کے پُرامن حل کے لیے وزیراعظم نے مذاکراتی کمیٹی میں توسیع کرتے ہوئے اہم رہنماؤں کو شامل کیا ہے جن میں سینیٹر رانا ثناء اللہ، سردار یوسف، احسن اقبال، سابق صدر آزاد کشمیر مسعود خان، اور قمر زمان کائرہ شامل ہیں۔

وزیراعظم نے کمیٹی کو فوری طور پر مظفرآباد جا کر مقامی قیادت اور عوام سے بات چیت کرنے اور مسائل کا پائیدار حل تجویز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کمیٹی کی سفارشات وزیراعظم آفس کو بھجوائی جائیں گی تاکہ ان پر جلد از جلد عمل درآمد ہو سکے۔وزیراعظم نے وطن واپسی پر مذاکراتی عمل کی خود نگرانی کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

ٹیگز: