Wed, September 16, 2026

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا امریکہ میں اہم خطاب، پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل، بھارت کی پالیسیوں اور خطے کی صورتحال پر کھل کر اظہارِ خیال

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا امریکہ میں اہم خطاب، پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل، بھارت کی پالیسیوں اور خطے کی صورتحال پر کھل کر اظہارِ خیال

واشنگٹن ڈی سی: پاک فوج کے سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکہ کے سرکاری دورے کے دوران وہاں مقیم پاکستانیوں سے تفصیلی ملاقات اور خطاب کیا، جس میں انہوں نے عالمی و علاقائی چیلنجز، کشمیر کے مسئلے، اوورسیز پاکستانیوں کے کردار اور دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں پر روشنی ڈالی۔

فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانی، پاکستان کی شناخت، وقار اور قومی ترقی کے سفیر ہیں۔

"اوورسیز پاکستانی صرف ہنرمند نہیں بلکہ وہ ذہانت اور قابلیت کے نمائندے ہیں جو وطن عزیز کی اقتصادی طاقت میں اضافہ کر رہے ہیں۔"

فیلڈ مارشل نے بھارت کے غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا"بھارت خود کو عالمی رہنما ثابت کرنا چاہتا ہے، لیکن اس کے عملی اقدامات اس دعوے سے میل نہیں کھاتے۔"

انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کی خفیہ ایجنسی RAW کی مداخلت اور دہشتگردی سے وابستہ سرگرمیاں عالمی امن کے لیے خطرہ بن چکی ہیں۔

"چاہے وہ کینیڈا میں سکھ لیڈر کا قتل ہو، قطر میں بھارتی نیول افسران کا معاملہ یا کلبھوشن یادیو جیسے کیسز — سب بھارت کے اصل چہرے کو بے نقاب کرتے ہیں۔"

فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ بھارت کی یہ سوچ کہ کشمیر اس کا اندرونی معاملہ ہے، ناقابلِ قبول ہے۔

"اقوامِ متحدہ کی قراردادیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ کشمیر ایک بین الاقوامی تنازع ہے۔ قائداعظم کے بقول کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اور ہم اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔"

انہوں نے بھارت کی حالیہ کارروائیوں کو سنگین اشتعال انگیزی قرار دیا، جس میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا گیا اور پاکستان کی خودمختاری پر حملہ کیا گیا۔

"ایسی مہم جوئی نے خطے کو جنگ کی دہلیز پر لا کھڑا کیا۔ یہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مدبرانہ قیادت ہی تھی جس نے بروقت کردار ادا کیا اور بحران کو ٹالا۔"

فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف ایک مضبوط دفاعی دیوار ہے اور کسی شدت پسند گروہ کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

انہوں نے موجودہ دور میں سوشل میڈیا کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دشمن عناصر اسے جھوٹ، افواہوں اور معاشرتی خلفشار پھیلانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

"مسلمانوں کو قرآن کی یہ ہدایت ہمیشہ یاد رکھنی چاہیے کہ اگر کوئی فاسق خبر لے کر آئے تو تصدیق ضرور کرو، تاکہ کسی بے گناہ کو نقصان نہ پہنچے۔"

فیلڈ مارشل نے امریکہ، چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ جاری اقتصادی روابط کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان معاہدات سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ:"ہماری نوجوان آبادی قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے، اور یہی نسل ملک کے مستقبل کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرے گی۔"
اختتامی پیغام: قومی بیداری اور عزم
خطاب کے آخر میں انہوں نے کہا:"اب وقت آ گیا ہے کہ ہم خواب دیکھنے کے بجائے عملی قدم اٹھائیں۔ سوال یہ نہیں کہ ’کیا ہم اٹھیں گے؟‘ بلکہ یہ ہے کہ ’ہم کتنی جلدی اور کتنی مضبوطی سے اٹھیں گے؟‘"
انہوں نے قوم کو عہد کی تجدید کا پیغام دیا کہ ہم اپنے اسلاف کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے ایک نئے ولولے اور اتحاد کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن ہوں۔

ٹیگز: