اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شاندار فتح پر انہیں مبارکباد دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ "پاکستانی ٹیم نے ایک شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف زبردست کارکردگی دکھائی۔ پوری قوم اس کامیابی پر خوش ہے۔" انہوں نے ٹیم کے ساتھ ساتھ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کی محنت اور کاوشوں کی بھی تعریف کی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بھی قومی ٹیم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "جنوبی افریقہ کے خلاف یہ کامیابی واقعی ہمارے لیے فخر کا باعث ہے۔ ٹیم نے جو عزم اور اتحاد دکھایا، وہ قابل ستائش ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ٹیم اپنی جیت کی اس رفتار کو برقرار رکھے گی۔"
پاکستان نے گزشتہ روز جنوبی افریقہ کو تیسرے ٹی 20 میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کی۔ بابر اعظم کو پلیئر آف دی میچ اور فہیم اشرف کو پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔