بھارت: اترپردیش کے شہر میرٹھ میں ایک انوکھا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں بیوی نے شوہر کی داڑھی نہ منڈوانے کی ضد پر گھر چھوڑ دیا اور اپنے دیور کے ساتھ فرار ہو گئی۔
رپورٹس کے مطابق انچولی کی رہائشی عرشی نامی خاتون کی شادی سات ماہ قبل شاکر نامی شخص سے ہوئی تھی۔ شادی کے فوراً بعد عرشی نے شوہر سے داڑھی صاف کرنے کا مطالبہ کیا، لیکن شاکر نے اس سے انکار کر دیا۔ اس بات پر دونوں کے درمیان روز جھگڑے ہونے لگے۔
شاکر کا کہنا ہے کہ عرشی نے ابتدا میں ہی کہا تھا کہ وہ اس رشتے سے خوش نہیں ہے اور صرف گھر والوں کے دباؤ پر شادی کی ہے۔ ساتھ رہنے کے لیے اس نے داڑھی منڈوانے کی شرط رکھی تھی، جس پر وہ تیار نہیں ہوا۔
اس دوران عرشی اور اس کے دیور کے درمیان تعلقات بن گئے اور دونوں 3 فروری کو اچانک گھر سے غائب ہو گئے۔ شاکر کے مطابق بدنامی کے خوف سے انہوں نے پہلے خود تلاش کی کوشش کی، لیکن کامیاب نہ ہونے پر پولیس میں شکایت درج کرائی۔
شاکر نے یہ بھی انکشاف کیا کہ عرشی نے 5 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ اس کے والدین نے اب اس سے مکمل لاتعلقی اختیار کر لی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ خاتون اس وقت لدھیانہ میں موجود ہے اور اسے واپس لانے کے لیے ایک ٹیم روانہ کر دی گئی ہے۔