Wed, September 16, 2026

اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلہ، شہری خوفزدہ

اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلہ، شہری خوفزدہ

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اور ملک کے مختلف علاقوں میں بدھ کی رات اچانک آنے والے زلزلے نے شہریوں کو خوفزدہ کر دیا، جس کے بعد لوگ گھروں، دفاتر اور دیگر عمارتوں سے باہر نکل کر محفوظ مقامات پر جمع ہو گئے۔

زلزلے کی لرزش اسلام آباد کے علاوہ پشاور، ایبٹ آباد، مردان، چارسدہ، باجوڑ، شانگلہ اور بٹگرام سمیت کئی شہروں میں محسوس کی گئی۔ بعض علاقوں میں جھٹکے چند لمحوں تک برقرار رہے، جس کے باعث شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

زلزلہ پیما حکام کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.3 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز افغانستان کے ہندوکش کا پہاڑی خطہ تھا۔ زلزلے کی گہرائی 174 کلومیٹر نوٹ کی گئی، جس کی وجہ سے اس کے اثرات پاکستان کے شمالی اور وسطی حصوں تک محسوس کیے گئے۔

تاحال موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کسی قسم کے جانی نقصان یا املاک کو نقصان پہنچنے کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ تاہم متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ نے صورتحال پر نظر رکھی ہوئی ہے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

حکام نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں صرف سرکاری اداروں کی جاری کردہ معلومات اور ہدایات پر اعتماد کریں۔

یاد رہے کہ صرف تین روز قبل بھی اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں 5.9 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا تھا، جس کا مرکز بھی افغانستان کے ہندوکش کا پہاڑی علاقہ تھا، جبکہ اس کی گہرائی 191 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی تھی۔

ٹیگز: