اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات، خطے کی صورتحال اور عالمی امور پر بات چیت ہوئی۔
ملاقات کے دوران سعودی سفیر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرتا آیا ہے، جو قابلِ تحسین ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے 24 جون کو ولی عہد سے ہونے والی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے سعودی کوششوں کی تعریف کی اور پاک-بھارت جنگ بندی میں سعودی کردار کو بھی سراہا۔
شہباز شریف نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان نے جولائی کے مہینے کے لیے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی ہے، اور وہ اس دوران سعودی عرب کے تعاون سے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی مضبوطی سے کرنا چاہتے ہیں۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور دونوں جانب سے مستقبل میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔