اسلام آباد : اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کی بار بار خلاف ورزیوں پر پاکستان اور 7 دیگر اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔
اس بیان میں پاکستان، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ترکیہ، سعودی عرب اور قطر کے وزرائے خارجہ نے کہا کہ جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں میں ایک ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور زخمی ہو چکے ہیں، جس سے علاقے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ ان ممالک نے اسرائیل کے اقدامات کو امن و استحکام کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دیا ہے، اور اس بات پر زور دیا کہ ایسے اقدامات امن کی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
وزرائے خارجہ نے تمام فریقین سے مطالبہ کیا کہ اس حساس مرحلے پر تحمل اور ضبط کا مظاہرہ کیا جائے اور کسی بھی ایسے عمل سے گریز کیا جائے جو موجودہ امن عمل کو مزید پیچیدہ بنا سکتا ہو۔