Wed, September 16, 2026

سینیٹ اور قومی اسمبلی کا اجلاس آج ، اہم ایجنڈے کا اعلان

سینیٹ اور قومی اسمبلی کا اجلاس آج ، اہم ایجنڈے کا اعلان

اسلام آباد : آج اسلام آباد میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس ہونے جا رہے ہیں جن کے ایجنڈے میں کئی اہم بلز اور مسائل شامل ہیں۔

سینیٹ کا اجلاس شام 4 بجے شروع ہوگا، جس میں متعدد اہم بلز پر بات کی جائے گی۔ ان میں وفاقی ملازمین کے بینیولنٹ فنڈ اور گروپ انشورنس میں تبدیلی، فوجداری قوانین میں ترمیم، اور انسدادِ انسانی اسمگلنگ سمیت الیکٹرانک جرائم پر قابو پانے کے لیے نئے بلز پیش ہوں گے۔ اس کے علاوہ، اسلام آباد میں بچوں کے جسمانی سزاکے خلاف بھی ایک بل لایا جائے گا۔ سینیٹ میں قومی اسمبلی سے منظور شدہ تین بلز بھی زیر غور آئیں گے، جن میں زکوٰۃ و عشر کے متعلق ترمیم، الیکشنز میں تبدیلیاں، اور ایک یونیورسٹی کے قیام کا بل شامل ہیں۔

قومی اسمبلی کا اجلاس شام 5 بجے ہوگا، جہاں 13 نکاتی ایجنڈے پر بحث کی جائے گی۔ اہم مسائل میں افغانستان میں پھنسے پاکستانی طلبہ کے بارے میں توجہ دلاؤ نوٹس، پولیو کے نئے کیسز کی تشویش، اور مختلف ترمیمی بلز شامل ہیں۔ ان بلز میں پیمراترمیمی بل 2025، اے پی پی کارپوریشن ترمیمی بل اور نیوز پیپرز ایمپلائیز کی سروسز کے حقوق پر بحث ہوگی۔ علاوہ ازیں، صدرِ مملکت کے پارلیمنٹ میں خطاب پر اظہارِ تشکر کی تحریک پر بھی مزید بات کی جائے گی۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اجلاس سے پہلے بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے، جس میں آج کے سیشن کے ایجنڈے پر مشاورت کی جائے گی۔آج کے اجلاس میں ہونے والی بحثیں اور بلز کی منظوری پاکستان کے مختلف قوانین اور عوامی مسائل پر اہم اثر ڈال سکتی ہیں۔

ٹیگز: