Wed, September 16, 2026

ایران نے جوابی کارروائی کی تو امریکا کا حملہ پہلے سے زیادہ شدید ہوگا: ٹرمپ

ایران نے جوابی کارروائی کی تو امریکا کا حملہ پہلے سے زیادہ شدید ہوگا: ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف حالیہ فوجی کارروائی کو ’’جائز‘‘ قرار دیتے ہوئے تہران کو خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے جوابی اقدام کیا تو امریکا اس سے بھی زیادہ تباہ کن حملے کرے گا۔

امریکی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھائے جانے کے بعد امریکی فوج نے کارروائی کی۔ ان کے مطابق اس وقت آبنائے ہرمز بارودی سرنگوں سے پاک ہے، کیونکہ وہاں موجود تمام سرنگیں نکال لی گئی ہیں یا انہیں غیر مؤثر کردیا گیا ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی طرف سے کسی بھی قسم کی جوابی کارروائی کی صورت میں امریکا کا ردعمل پہلے سے کہیں زیادہ سخت ہوگا۔

انہوں نے ایران کے ساتھ معاہدے سے متعلق بھی سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ تہران کو مذاکرات اور معاہدے کے لیے متعدد مواقع فراہم کیے گئے، تاہم ایران نے ان مواقع سے فائدہ نہیں اٹھایا۔ امریکی صدر کے بقول ایران کے ساتھ کیا گیا معاہدہ اس کاغذ کی بھی حیثیت نہیں رکھتا جس پر اسے لکھا گیا تھا۔

ادھر امریکی فوج نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کے خلاف حملوں کی مبینہ کوششوں کے بعد ایران کے اندر مختلف اہداف پر کارروائیاں جاری ہیں۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے حملے شروع کردیئے گئے ہیں۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے مبینہ حملہ کرنے کی کوششوں کے ردعمل میں کی جا رہی ہیں۔

ٹیگز: