اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے نہ صرف میدان جنگ میں معرکہ حق جیتا، بلکہ عالمی سفارتکاری میں بھی اہم سنگ میل عبور کیا۔ کامیاب ملٹری ڈپلومیسی نے پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر باوقار مقام دلایا۔
بین الاقوامی میڈیا اور عالمی رہنماؤں نے فیلڈ مارشل کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔ واشنگٹن ٹائمز اور فنانشل ٹائمز سمیت متعدد عالمی اداروں نے ان کی کامیاب سفارتی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے ان کے دورۂ امریکا کو پاک ۔۔امریکا تعلقات میں "نئی جہت" قرار دیا، جبکہ امریکی صدر ٹرمپ نے انہیں "قابلِ احترام اور مؤثر رہنما" قرار دیتے ہوئے ملاقات کو اعزاز قرار دیا۔
فیلڈ مارشل نے چین، سعودی عرب، ایران اور ترکی سمیت کئی ممالک سے روابط مضبوط بنائے، اور بی ایل اے کو عالمی دہشتگرد تنظیم قرار دلوانا پاکستان کی بڑی سفارتی فتح قرار دی جا رہی ہے۔