Wed, September 16, 2026

طلاق کو فروغ دینا نوجوانوں کے لیے نقصان دہ ہے: روبی انعم

طلاق کو فروغ دینا نوجوانوں کے لیے نقصان دہ ہے: روبی انعم

کراچی: معروف تھیٹر اداکارہ روبی انعم نے شوبز کی خواتین سے درخواست کی ہے کہ وہ طلاق کو فروغ دینے کے بجائے اس کی مذمت کریں اور واضح طور پر یہ پیغام دیں کہ ’’طلاق ایک غلط عمل ہے‘‘۔

روبی انعم حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے طلاق کے موضوع پر اپنی رائے دی اور اس بات پر حیرانی کا اظہار کیا کہ کیوں کچھ خواتین طلاق کی تشہیر کر رہی ہیں۔

انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ایک معروف اداکارہ فخر سے بتاتی ہیں کہ انہوں نے 35 سال کی شادی کے بعد طلاق لی کیونکہ وہ مزید صبر نہیں کر پائیں۔

روبی انعم نے وضاحت کی کہ جب وہ ’’35 سال‘‘ کی بات کرتی ہیں تو وہ کسی مخصوص اداکارہ کا ذکر نہیں کر رہیں، بلکہ وہ عمومی طور پر یہ سوال اٹھا رہی ہیں کہ کوئی اداکارہ کیوں یہ بتاتی ہے کہ اس نے اتنے سال بعد طلاق لی؟

ان کا کہنا تھا کہ طلاق کسی بھی صورت میں حوصلہ افزائی کا مستحق نہیں ہے اور اس کی حمایت نہیں کی جانی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلاق کو فروغ دینے سے نوجوان لڑکیاں غلط راستہ اختیار کر سکتی ہیں، اس لئے اس کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے۔

روبی انعم نے یہ بھی کہا کہ شوبز کی اداکاراؤں کو یہ نہیں کہنا چاہیے کہ انہوں نے اپنی شادی میں بہت سی مشکلات اور ظلم برداشت کیا۔ بلکہ انہیں مثبت اور اچھے پیغامات دینے چاہئیں تاکہ طلاق کو فروغ نہ ملے۔

انہوں نے کہا کہ شوبز کی خواتین کو یہ نہیں کہنا چاہیے کہ انہوں نے تشدد کی وجہ سے طلاق لی، یا شادی کے بعد زندگی میں صرف مشکلات اور تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔

روبی انعم نے مزید کہا کہ وہ کسی فرد کا نام نہیں لے رہیں، بلکہ وہ شوبز کی خواتین کے ایک عام رجحان کی بات کر رہی ہیں جو طلاق کو پروان چڑھاتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شوبز کی خواتین کو یہ نہیں کہنا چاہیے کہ انہیں شادی نہیں کرنی چاہیے یا طلاق کے بعد وہ بہت خوش ہیں کیونکہ ان کو شادی میں بہت تکالیف کا سامنا رہا۔

آخرکار، روبی انعم نے شوبز سے وابستہ تمام خواتین سے درخواست کی کہ وہ شادی جیسے مقدس رشتہ کو فروغ دیں اور طلاق کو نہ صرف فروغ نہ دیں بلکہ اس کی کھل کر مذمت کریں۔ ان کے مطابق، طلاق کو برا سمجھنا چاہیے اور اس کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے۔
 
 

ٹیگز: