Wed, September 16, 2026

"معرکہ حق": دشمن کی بزدلی اور پاک فوج کی دلیری کو ایک سال مکمل، کے پی کے عوام کا افواجِ پاکستان کوٹریبیوٹ

پشاور: 7 مئی کے تاریخی "معرکہ حق" کو ایک سال مکمل ہونے پر خیبرپختونخوا کے کونے کونے سے پاک فوج کے حق میں آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔ صوبے کے غیور عوام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ سرحدوں کی حفاظت کرنے والے جوانوں کے ساتھ ان کا رشتہ خون اور جرات کا ہے جسے کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی۔
شہریوں نے ایک سال قبل پیش آنے والے واقعات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے بزدلانہ وار کرنے کی کوشش کی تھی، لیکن پاک فوج کی ہمہ وقت تیاری (Operational Readiness) نے دشمن کو منہ چھپانے پر مجبور کر دیا۔
عوامی نمائندوں کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا کر ثابت کیا کہ پاکستان کا دفاع کسی بھی مہم جوئی سے کہیں زیادہ طاقتور ہے۔ شہریوں کے مطابق، 7 مئی کا سبق بھارت کو مدتوں یاد رہے گا اور وہ اب کسی بھی قسم کی حماقت سے پہلے دس بار سوچنے پر مجبور ہوگا۔
معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں یکجہتی کے مظاہرے کیے گئے۔ شہریوں کا کہنا تھا  ہماری فوج ہماری فخر ہے، جب بھارت نے جارحیت کی تو پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئی تھی۔ آج ایک سال مکمل ہونے پر ہم اپنے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، معرکہ حق نے نہ صرف بھارت کے جنگی جنون کو لگام دی بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے دفاعی وقار میں بھی اضافہ کیا۔ خیبرپختونخوا کے عوام کی جانب سے پاک فوج کے ساتھ اس والہانہ محبت نے دشمن کے ان تمام پروپیگنڈوں کو دفن کر دیا ہے جو عوامی اور عسکری قیادت کے درمیان دراڑ ڈالنے کے لیے کیے جاتے تھے۔

ٹیگز: