Wed, September 16, 2026

پنجاب میں 2 سے 5 جون تک طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز الرٹ

پنجاب میں 2 سے 5 جون تک طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز الرٹ

لاہور:پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی کے بعد اب موسم کروٹ بدلنے کو ہے، جس کے پیشِ نظر پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں آندھی، گرج چمک اور ژالہ باری کا ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سخت ہدایات پر تمام اضلاع کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید کے مطابق، 2 سے 5 جون کے دوران صوبائی دارالحکومت لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، بھکر، لیہ، فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ، گجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال اور حافظ آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارانِ رحمت کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، خوشاب اور منڈی بہاؤالدین میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

جیل اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رکھنے کے ساتھ ساتھ پی ڈی ایم اے نے عوام کے لیے فوری ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آسمانی بجلی گرنے کے خطرات کے پیشِ نظر شہری گرج چمک کے دوران کھلے آسمان تلے یا درختوں کے پاس جانے سے گریز کریں اور محفوظ چھتوں کے نیچے رہیں۔ مزید برآں، کسانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسم کی اس اچانک تبدیلی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی فصلوں کی حفاظت کے لیے پیشگی انتظامات مکمل کریں۔

ٹیگز: