Wed, September 16, 2026

ن لیگ تمام ضمنی انتخابات جیت چکی، اگلا میدان بھی ہمارا ہوگا: عظمیٰ بخاری

ن لیگ تمام ضمنی انتخابات جیت چکی، اگلا میدان بھی ہمارا ہوگا: عظمیٰ بخاری

لاہور :  پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان اس وقت شدید ذہنی دباؤ اور ناامیدی کی کیفیت میں مبتلا ہیں، اور ان کی حالیہ گفتگو ان کے اندرونی اضطراب کی عکاسی کرتی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ جو شخص ماضی میں ’’ڈیل‘‘ کا طعنہ دوسروں پر لگاتا رہا، آج خود اسی کی تلاش میں ہے۔ ان کے مطابق عمران خان ایسے بیانات دے رہے ہیں جن کا مقصد صرف اپنے کارکنوں کا حوصلہ بلند رکھنا ہے، مگر حقیقت میں ان کی باتوں میں مایوسی جھلک رہی ہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام نے حالیہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ’’شیخوپورہ سمیت تمام نشستوں پر ن لیگ کامیاب ہوئی، اور ہمیں پورا یقین ہے کہ سمبڑیال کا الیکشن بھی بھاری اکثریت سے جیتیں گے،‘‘ عظمیٰ بخاری نے کہا۔

انہوں نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو جماعت چند سو ووٹ لینے کی بھی پوزیشن میں نہیں، وہ بھی دھاندلی کے الزامات لگا کر اپنی شکست چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے حوالے سے کہا کہ وہ عدالت سے سزا یافتہ ہیں اور بطور خاتون اول اپنے منصب کو غلط استعمال کرتے ہوئے کرپشن میں ملوث رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان مذہب کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرتے رہے ہیں، لیکن عوام اب حقیقت کو پہچان چکے ہیں۔

ٹیگز: