لاہور: ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے 14 بچوں میں سے 9 کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی، جبکہ انہیں مقامی قبرستانوں میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
نمازِ جنازہ میں اہلِ خانہ، عزیز و اقارب، اہلِ علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر فضا سوگوار رہی اور غم سے نڈھال والدین کے دلخراش مناظر نے شرکا کو آبدیدہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق بچوں میں علی، دعا، ارتضیٰ، رمشا، عبداللہ، ایمان اور عروج فاطمہ سمیت دیگر شامل ہیں، جبکہ باقی 5 بچوں کی نمازِ جنازہ اور تدفین بعد میں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ یہ افسوسناک حادثہ ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے باعث پیش آیا، جس میں 14 بچے جان کی بازی ہار گئے، جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔