راولپنڈی/اسلام آباد: گزشتہ رات راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش ہوئی جس سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔ سیالکوٹ، ہری پور، وزیر آباد اور کالا باغ میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کی شدت کو دیکھتے ہوئے واسا راولپنڈی نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ ترجمان واسا کا کہنا ہے کہ ادارے کا فیلڈ عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ مختلف مقامات پر موجود ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
ایم ڈی واسا نے بتایا کہ نالہ لئی کی مکمل نگرانی کی جا رہی ہے اور ابھی تک پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 5 فٹ اور گوالمنڈی پل پر 4 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جو خطرے کی سطح سے نیچے ہے۔ لیکن ادارہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں اور نشیبی علاقوں میں احتیاط برتیں۔ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں شہری واسا کی ہیلپ لائن پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش پی ایم ڈی کے مقام پر 50 ملی میٹر اور شمس آباد میں 38 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔