Wed, September 16, 2026

"بھارت کا اے آئی پروپیگنڈا اور کے پی حکومت کی کرپشن بے نقاب" ، وزیر مملکت طلال چودھری کی پریس کانفرنس

اسلام آباد: وزیر مملکت طلال چودھری نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی امن و امان کی صورتحال پر اہم بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو ہر محاذ پر شکست ہو رہی ہے۔ انہوں نے بھارتی میڈیا کے جھوٹے پروپیگنڈے اور خیبر پختونخوا حکومت کی مبینہ مالی بے ضابطگیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
طلال چودھری نے کہا کہ بلوچستان کے حوالے سے یہ تاثر دینا کہ دہشت گردوں نے شہروں پر قبضہ کر لیا، سراسر جھوٹ ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ    بھارتی میڈیا نے دہشت گردی کی کارروائیوں کو اس طرح دکھایا جیسے کوئی "براہِ راست میچ" چل رہا ہو۔ان کاکہنا تھا کہ     عوام کو گمراہ کرنے کے لیے بھارتی چینلز پر مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ جعلی ویڈیوز چلائی گئیں۔
وزیر مملکت نے واضح کیا کہ بی ایل اے جیسے گروہ حقوق کے نام پر اسکولوں، اسپتالوں اور بازاروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔   سکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت دکھائی کیونکہ دہشت گردوں نے خواتین اور بچوں کو انسانی ڈھال بنا رکھا تھا۔انہوں نے کہاکہ     فورسز نے تعاقب کر کے ان دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا جن میں فورسز کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں تھی۔
خیبر پختونخوا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے طلال چودھری نے سنگین الزامات عائد کیے ۔    انہوں نے کہا کہ کے پی حکومت نے سیاسی مقاصد کے لیے پاک فوج کو بدنام کرنے کی مہم چلائی۔    صوبائی حکومت نے 4 ارب روپے کی خورد برد کی اور یہ رقم متاثرین تک پہنچنے کے بجائے کرپشن کی نذر ہوگئی۔
انہوں نے کہاکہ     جرگہ عمائدین نے بھی صوبائی حکومت کے جھوٹے وعدوں کی شکایت کی ہے اور وہ علاقے سے دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں۔آخر میں وزیر مملکت نے دوٹوک موقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت اور سکیورٹی ادارے صوبوں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کریں گے اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

ٹیگز: