Wed, September 16, 2026

سیکیورٹی فورسز کی نوشکی میں مؤثر کارروائی، 7 دہشت گردوں کا خاتمہ

سیکیورٹی فورسز کی نوشکی میں مؤثر کارروائی، 7 دہشت گردوں کا خاتمہ

راولپنڈی:  بلوچستان کے ضلع نوشکی میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں سات دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ خفیہ اطلاعات ملنے پر 30 اور 31 جولائی کی درمیانی شب انجام دی گئی۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے منصوبہ بندی کے تحت دہشت گردوں کے ٹھکانے کا محاصرہ کیا اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے تمام دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والے دہشت گردوں کا تعلق فتنہ الہندوستان سے تھا، جبکہ ان میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل تھا، جو کسی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی میں مصروف تھا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ ٹھکانے پر موجود آئی ای ڈیز (IEDs) اور دیگر بارودی مواد کو بھی محفوظ طریقے سے ناکارہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

ٹیگز: