کراچی : صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کی سخت ہدایت دی ہے۔
بلاول ہاؤس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی، جہاں بلوچستان کی سیاسی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے صدر کو صوبے میں امن و ترقی کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی۔
صدر نے کہا کہ بلوچستان میں عوام کی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ ترقیاتی منصوبے وقت پر مکمل کیے جائیں تاکہ بلوچستان کے عوام کی زندگیوں میں بہتری آئے اور صوبے میں امن قائم رہے۔