اسلام آباد : عالمی یومِ امن کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے اپنے الگ الگ پیغامات میں پاکستان کے امن، انصاف اور انسانی حقوق کے اصولوں پر مضبوط عزم کا اظہار کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی سطح پر پائیدار امن کے قیام میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے اور عالمی برادری پاکستان کے اس کردار کو تسلیم کرتی ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے بھارتی غیر قانونی زیرِقبضہ جموں و کشمیر اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کو شدید تشویش کا باعث قرار دیا اور کہا کہ جب تک ان خطوں کے عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کا حقِ خودارادیت نہیں دیا جاتا، تب تک امن کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان امن، انصاف اور انسانیت کے لیے اپنی ذمہ داری نبھانے کے لیے ہمیشہ تیار ہے اور عالمی برادری سے بھی درخواست کی کہ وہ اس مقصد کے لیے پاکستان کا ساتھ دے۔