لاہور : پاکستانی شوبز کے معروف اداکار فواد خان ایک بار پھر اپنی تازہ تصاویر کے باعث سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہیں۔ نئی تصاویر میں ان کی بدلی ہوئی شخصیت دیکھ کر مداحوں نے مختلف تبصرے کیے، جبکہ کچھ صارفین نے ان کے ممکنہ کاسمیٹک ٹریٹمنٹ سے متعلق قیاس آرائیاں بھی شروع کر دیں۔
فواد خان ان دنوں اپنی نئی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس میں ان کے ساتھ اداکارہ عائزہ خان بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ فلم میں ایک سیکیورٹی فورسز افسر کا کردار ادا کرنے کے لیے اداکار نے نیا روپ اپنایا ہے، جس میں ان کا مختصر ہیئر سٹائل نمایاں ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی بعض تصاویر میں فواد خان کو ایک کاسمیٹک سرجن کے ساتھ بھی دیکھا گیا، جس کے بعد صارفین نے ان کی ظاہری تبدیلی پر مختلف اندازے لگانا شروع کر دیے۔ کچھ لوگوں نے بوٹوکس، فلرز یا دیگر جمالیاتی طریقۂ علاج کا ذکر کیا، تاہم ان دعوؤں کی فواد خان یا ان کی ٹیم کی جانب سے کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔
دوسری جانب کئی مداحوں کا خیال ہے کہ اداکار کی نئی لک کی وجہ صرف نیا ہیئر سٹائل، فٹنس اور وزن میں کمی بھی ہو سکتی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری بحث کے باوجود فواد خان کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔