بندر عباس :: ایران کے جنوبی ساحلی شہر بندر عباس میں ایک کثیر المنزلہ عمارت میں ہونے والے زوردار دھماکے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔
دھماکہ شہر کے معروف تجارتی و رہائشی علاقے 'معلم بلیوارڈ' میں ہوا۔ دھماکے کی شدت کے باعث 8 منزلہ عمارت کی دو منزلیں مکمل طور پر زمین بوس ہو گئیں، جبکہ قریبی عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ فائر بریگیڈ اور ریسکیو ادارے ملبہ ہٹانے اور زخمیوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔
دھماکے کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کی سرکاری طور پر تردید کر دی گئی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دھماکے کا نشانہ پاسدارانِ انقلاب کے کوئی اعلیٰ عہدیدار تھے۔ حکام کے مطابق دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقاتی ٹیمیں شواہد اکٹھے کر رہی ہیں، تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ حادثہ گیس لیکیج کا نتیجہ ہے یا کوئی تخریب کاری کا۔