Wed, September 16, 2026

نامکمل دستاویزات پر سفر کی اجازت نہیں ہوگی: وزیر داخلہ محسن نقوی کا کراچی ایئرپورٹ پر دو ٹوک اعلان

نامکمل دستاویزات پر سفر کی اجازت نہیں ہوگی: وزیر داخلہ محسن نقوی کا کراچی ایئرپورٹ پر دو ٹوک اعلان

کراچی : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کا ہنگامی دورہ کیا اور امیگریشن کے مراحل کا خود جائزہ لیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایئرپورٹس پر قانونی مسافروں کو ہر ممکن سہولت دی جائے گی، تاہم ضوابط پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔وزیر داخلہ نے امیگریشن ہال میں بیرون ملک جانے والے مسافروں کے درمیان جا کر ان سے بات چیت کی۔ انہوں نے مسافروں سے امیگریشن پراسیس میں لگنے والے وقت اور کاؤنٹرز پر عملے کے تعاون کے بارے میں سوالات کیے۔ محسن نقوی نے امیگریشن سسٹم کی رفتار اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے حکام کو ضروری ہدایات بھی دیں۔
دورے کے موقع پر میڈیا اور حکام سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے اہم پالیسی نکات بیان کیے۔  انہوں نے کہا کہ جن مسافروں کے کاغذات مکمل اور قانونی ہیں، انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور نہ ہی انہیں بلاوجہ روکا جائے گا۔
محسن نقوی نے انتباہ جاری کیا کہ نامکمل یا مشکوک دستاویزات کے حامل مسافروں کو کسی صورت ملک سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، تاکہ بیرون ملک پاکستان کا وقار متاثر نہ ہو۔
وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایئرپورٹ پر مسافروں کی جانچ پڑتال کے عمل کو فول پروف بنایا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ قانونی مسافروں کو کم سے کم وقت میں امیگریشن کی سہولت میسر آئے۔

ٹیگز: