لاہور : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور وہاں مسافروں کے امیگریشن پراسیس کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ نے ایئرپورٹ پر امیگریشن کاونٹرز پر نئے سسٹم کا مشاہدہ کیا، جس کے تحت مسافروں کی ٹریول ہسٹری کو ان کے شناختی کارڈز اور پاسپورٹس سے جوڑا جاتا ہے۔
وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور تیز تر سسٹم کی تعریف کی، جس کے ذریعے مسافروں کی امیگریشن کا عمل اب بہت جلد مکمل ہوتا ہے۔ محسن نقوی نے بیرون ملک جانے والے اور واپس آنے والے مسافروں سے بات چیت کی اور ان سے امیگریشن پراسیس کے بارے میں فیڈبیک لیا۔ مسافروں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اب صرف دو منٹ میں ان کا امیگریشن کا عمل مکمل ہو جاتا ہے۔
وزیر داخلہ نے اس موقع پر واضح کیا کہ جن مسافروں کے پاس مکمل سفری دستاویزات ہیں، انہیں سفر سے نہیں روکا جائے گا۔ تاہم، انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی کے پاس جعلی یا نامکمل دستاویزات ہوں، تو انہیں سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ "پاکستان کی عزت ہماری عزت ہے" اور جو بھی افراد ملک کی بدنامی کا باعث بنیں گے، انہیں سفر کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔وزیر داخلہ کے دورے کے دوران ڈائریکٹر ایف آئی اے علی ضیاء اور دیگر متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔