راولپنڈی : چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان کے روشن مستقبل کے لیے ذاتی اور مفاداتی سیاسی ایجنڈوں کو مسترد کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے منفی پروپیگنڈے کے تدارک میں سول سوسائٹی کی اہم کاوشوں کو بھی سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز میں بلوچستان پر 18 ویں نیشنل ورکشاپ کے شرکا سے ملاقات کی۔ ورکشاپ میں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی اور اس کی تزویراتی اہمیت پر غور کیا گیا۔
فیلڈ مارشل نے بلوچستان کے عوام کی حب الوطنی اور ثابت قدمی کو سراہا اور کہا کہ صوبہ پاکستان کی خوشحالی اور ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کی عوامی فلاح پر مبنی اقدامات کو بھی قابل ستائش قرار دیا اور کہا کہ صوبے کے وسیع معاشی وسائل کو عوام کے فائدے کے لیے بروئے کار لانا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے حمایت یافتہ پراکسی عناصر بلوچستان میں تشدد کو ہوا دے رہے ہیں اور ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جسے سیکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائیوں کے ذریعے ناکام بنایا جائے گا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کی علاقائی امن و استحکام اور سرحدی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا
آئی ایس پی آر کے مطابق، اجلاس کے اختتام پر سوال و جواب کے سیشن میں فیلڈ مارشل نے شرکا کے سوالات کے جواب دیے اور بلوچستان کی ترقی و سیکیورٹی کے جاری اقدامات پر روشنی ڈالی۔