آرمینیا : دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور آرمینیا کے درمیان باضابطہ سفارتی تعلقات قائم ہوگئے ہیں۔ یہ پیش رفت چین کے شہر تیانجن میں اس وقت ہوئی جب نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار اور آرمینیائی وزیر خارجہ نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے اور اس کا تبادلہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تعلقات کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کی بنیاد پر آگے بڑھایا جائے گا۔
گفتگو میں دونوں ممالک نے معیشت، تعلیم، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے اور کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق ہوا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان اور آرمینیا نے اپنے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کو ایک بار پھر دہرایا۔