وزیرآباد : وزیرآباد میں جاری شدید سیلاب نے ایک ماں سے اس کی زندگی کی سب سے قیمتی خوشیاں چھین لیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق سیلاب کی وجہ سے بروقت طبی امداد نہ ملنے پر ایک خاتون کے تین نومولود بچے دو بیٹیاں اور ایک بیٹا دم توڑ گئے۔
یہ افسوسناک واقعہ 28 اگست کو اس وقت پیش آیا جب خاتون نے نالہ پھلکو کے قریب گاڑی میں بچوں کو جنم دیا۔ اردگرد کا علاقہ سیلابی پانی میں گھرا ہوا تھا، اور قریبی اسپتال تک رسائی ممکن نہ تھی۔ متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ اگر طبی عملہ وقت پر پہنچ جاتا، تو شاید اس کے بچے بچ سکتے تھے۔
سیلاب کی تباہ کاریوں نے وزیرآباد میں معمولاتِ زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔ سڑکیں پانی میں ڈوب چکی ہیں، آمدورفت رک چکی ہے، اور اسپتالوں تک رسائی بھی ناممکن ہو چکی ہے۔
علاقہ مکینوں اور سماجی کارکنوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر متاثرہ علاقوں میں ریسکیو، طبی امداد اور انفراسٹرکچر کی بحالی کے اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید زندگیاں ضائع نہ ہوں۔