کیلیفورنیا: میٹا پلیٹ فارمز نے پہننے کے قابل جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں اپنی پیش قدمی تیز کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے آئندہ برس اے آئی سے چلنے والے ایک نئے پینڈنٹ کی آزمائش کا منصوبہ بنا لیا ہے۔ اس پیش رفت کا انکشاف ایک داخلی دستاویز کے حوالے سے شائع ہونے والی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔
فیس بک اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی نے اس خبر پر کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا، تاہم رپورٹ کے مطابق میٹا اپنی مصنوعی ذہانت سے مزین اسمارٹ عینکوں کی رینج کو مزید وسعت دینے کی تیاری کر رہی ہے۔
اندرونی میمو میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی "ویئرایبلز فار ورک" کے نام سے ایک نئی سروس بھی متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے، جس کا مقصد دفاتر اور کاروباری اداروں میں پہننے کے قابل ڈیجیٹل آلات کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔ یہ میمو میٹا کے ویئرایبل ٹیکنالوجی ڈویژن کے سربراہ الیکس ہیمل کی جانب سے جاری کیا گیا۔
یہ منصوبے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب میٹا کا ریئلٹی لیبز یونٹ مسلسل مالی خسارے سے دوچار ہے۔ کمپنی کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں اس شعبے کو 4.03 ارب ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا، جبکہ اس کی مجموعی آمدن صرف 402 ملین ڈالر رہی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بھاری مالی نقصانات کے باوجود میٹا مصنوعی ذہانت اور ویئرایبل ڈیوائسز کی ترقی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ مستقبل کی ٹیکنالوجی کی دوڑ میں اپنی پوزیشن مستحکم بنا سکے۔