لاہور :سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی صحت اور بیرونِ ملک روانگی کے حوالے سے گردش کرنے والی تمام افواہوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وزیراعلیٰ کی سرجری لاہور کے شریف میڈیکل سٹی میں ہی کامیابی سے مکمل ہوئی ہے اور وہ علاج معالجے کے لیے ملک سے باہر کہیں نہیں جا رہیں۔
وزیرِ بلدیات ذیشان رفیق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ پر صفائی کا گرینڈ آپریشن مریم نواز کی براہِ راست نگرانی میں تاریخی طور پر کامیاب رہا۔ شدید گرمی کے باوجود فیلڈ میں پسینہ بہانے والے 'ستھرا پنجاب' کے ورکرز کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ان کے لیے 10،10 ہزار روپے فی کس نقد انعام کا بڑا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 41 ہزار سے زائد شہریوں نے ہیلپ لائن پر حکومتی کارکردگی کو سراہا، جس کی بدولت یہ مہم سوشل میڈیا پر بھی صفائی کا ٹاپ ٹرینڈ بنی رہی۔
مریم اورنگزیب نے مون سون اور سیلاب کی آمد کے حوالے سے اپوزیشن اور دیگر حلقوں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ اللہ نہ کرے صوبے کو کسی ناگہانی آفت کا سامنا ہو، لیکن مریم نواز کی متحرک قیادت میں حکومت کا ہنگامی پلان 100 فیصد تیار ہے، جس کی تفصیلی بریفنگ وہ خود آئندہ چند روز میں میڈیا کے سامنے رکھیں گی۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پنجاب نے پبلک سروس کی نئی مثال قائم کر دی ہے اور جو صوبہ اچھا کام کرے، سیاست سے بالاتر ہو کر دوسرے صوبوں کو بھی اس سے اچھی چیزیں سیکھنی چاہئیں، کیونکہ ہمارا واحد مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔