لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چاند رات اور عیدالفطر کے دوران سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سخت انتظامات کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے چاند رات پر بازاروں میں خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے ویمن پولیس سکواڈ کے گشت کو بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔
مریم نواز کی ہدایت پر لاہور کے 65 تجارتی مراکز پر اضافی پولیس نفری تعینات کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بازاروں اور مارکیٹوں کی نگرانی کے لیے ڈرون کیمروں اور نائٹ ویژن دوربین کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ سماج دشمن عناصر کی نگرانی کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
چاند رات کے دوران ون ویلنگ کو روکنے کے لیے 55 مقامات پر ناکہ بندی کر کے پولیس تعینات کی گئی ہے۔ مزید یہ کہ اے ٹی ایم اور بینکوں کے اطراف میں 225 مقامات پر پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں تاکہ عوام کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔