Wed, September 16, 2026

پاکستان پر اپنی مرضی مسلط نہیں کی جا سکتی، بھارت سندھ طاس معاہدہ توڑے گا تو سخت ردعمل دیں گے: اسحاق ڈار

پاکستان پر اپنی مرضی مسلط نہیں کی جا سکتی، بھارت سندھ طاس معاہدہ توڑے گا تو سخت ردعمل دیں گے: اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان پر اپنی مرضی نہیں تھوپ سکتا۔ اگر بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر ختم کرنے کی کوشش کی تو اسے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز (ISSI) کے 52 ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کی آڑ میں پاکستان کے خلاف جارحیت کی کوشش کی، جس کا پاکستان نے بھرپور اور فوری جواب دیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ بھارت پانی کو ہتھیار بنانے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن پاکستان ایسا ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔ "سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پاکستان کے خلاف جنگ سمجھی جائے گی۔"

اسحاق ڈار نے کہا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی تنازع ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن نہیں آ سکتا۔

انہوں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتا ہے اور ایران کے دفاع کے حق کی حمایت کرتا ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ ایران کے قانونی مؤقف کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔

فلسطین کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر ظلم و ستم کر رہا ہے، جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ "جب تک فلسطینیوں کو انصاف نہیں ملتا، مشرق وسطیٰ میں امن ممکن نہیں۔ پاکستان دو ریاستی حل کا حامی ہے۔"

اسحاق ڈار نے افغان حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی زمین کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔ انہوں نے پاک چین تعلقات کو مزید مستحکم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری مسلسل مضبوط ہو رہی ہے، اور حکومت بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ پر خاص توجہ دے رہی ہے۔

تقریب میں انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز (ISSI) کو پاکستان کا ایک مؤثر تحقیقی ادارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ پالیسی سازی اور سفارتی معاملات میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور پاکستان اس تبدیلی کے عمل میں ایک ذمہ دار ملک کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

ٹیگز: