کراچی: سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ میں ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری کی نوید سنائی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملکی مجموعی ذخائر 63 کروڑ ڈالر اضافے کے بعد 21 ارب ڈالر کی نفسیاتی حد عبور کر گئے ہیں۔
سٹیٹ بینک کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 24 اپریل 2026 تک پاکستان کے کل زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 21.26 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مرکزی بینک کے ذخائر میں 63 کروڑ ڈالر کا نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے بعد اسٹیٹ بینک کے پاس موجود غیر ملکی زرِ مبادلہ کی مالیت 15.82 ارب ڈالر ہو گئی ہے۔
جہاں سرکاری ذخائر میں اضافہ ہوا، وہیں نجی یعنی کمرشل بینکوں کے ذخائر میں کمی کا رجحان رہا۔ اعداد و شمار کے مطابق کمرشل بینکوں کے ذخائر 8.98 کروڑ ڈالر کم ہو کر 5.44 ارب ڈالر کی سطح پر آ گئے ہیں۔