اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے پاسپورٹ کے حصول کو آسان بنانے کے لیے اہم اقدامات کی منظوری دے دی ہے۔ نئے احکامات کے تحت عام شہریوں کے لیے نارمل پاسپورٹ کی فراہمی کا عمل تیز کرتے ہوئے اسے 14 دن تک محدود کر دیا گیا ہے۔
نارمل پاسپورٹ کی فراہمی کی مدت جو پہلے 21 دن تھی، اسے اب کم کر کے 14 دن کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کو فوری ریلیف مل سکے۔ وزیر داخلہ نے پاسپورٹ دفاتر میں 15 روز کے اندر مکمل کیش لیس نظام نافذ کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد مالی معاملات میں شفافیت لانا اور ایجنٹ مافیا کا خاتمہ ہے۔
کاروباری طبقے کے لیے "بزنس پاسپورٹ" کے نئے سسٹم کو فوری حتمی شکل دینے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ برآمد کنندگان اور تاجروں کو سفری سہولیات میں ترجیح مل سکے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ کے اجراء میں تاخیر عوام کے لیے ذہنی کوفت کا باعث بنتی ہے جسے اب ختم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ دفاتر میں آنے والے شہریوں کے ساتھ حسنِ سلوک کیا جائے اور ٹیکنالوجی کی مدد سے نظام کو ایسا بنایا جائے کہ کسی کو سفارش یا رشوت کی ضرورت نہ پڑے۔