مشی گن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ چین کے ساتھ ایک منصفانہ معاہدہ کرنے جا رہے ہیں کیونکہ چین بھی ڈیل کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ یہ معاہدہ کامیاب ہوگا۔
ٹرمپ نے حکومت کے 100 دن مکمل ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے یہ دن بہت کامیاب رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے پاگل پن اور ٹرانس جینڈر نظریات کو اپنے اقدامات سے باہر کیا ہے، اور وہ امریکہ کو دوبارہ عظیم بنانے میں مصروف ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ ان کے ابتدائی 100 دن "عقل کا انقلاب" ثابت ہوئے ہیں اور ان کی حکومت مضبوط سرحدیں، بہتر تعلیم، اور کم شرح سود کی حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے ری پبلکنز سے درخواست کی کہ وہ ان کے بجٹ منصوبے کی حمایت کریں۔ صدر نے ڈیموکریٹس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیکس بڑھانا چاہتے ہیں اور جو ری پبلکن ان کے ایجنڈے کی حمایت نہیں کرتے، انہیں باہر نکال دینا چاہیے۔
ٹرمپ نے اپنے دورِ حکومت کے آغاز میں ہی غیر قانونی افراد کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے اور سرحد پر فوج تعینات کرنے پر فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے غیر قانونی طور پر ملک میں آنے والے بچوں کے لیے خودکار شہریت ختم کرنے کا حکم بھی دیا۔