Wed, September 16, 2026

بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ ٹرافی کے معاملے کو آئی سی سی میں اٹھانے کا فیصلہ کر لیا

بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ ٹرافی کے معاملے کو آئی سی سی میں اٹھانے کا فیصلہ کر لیا

دبئی : بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ ٹرافی کے تنازعے کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس میں اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیواجیت سائیکیا نے کہا ہے کہ نومبر کے پہلے ہفتے میں دبئی میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں وہ ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین کے خلاف احتجاج کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی کرکٹ ٹیم حکومتی پالیسی کے مطابق عمل کر رہی ہے اور پاک بھارت درمیان باہمی سیریز نہیں ہوتی۔ سائیکیا نے مزید کہا کہ ایشیا کپ ایک کثیرالملکی ٹورنامنٹ ہے اور پاکستانی ٹیم کو شکست دے کر بھارتی ٹیم فخر محسوس کرتی ہے۔

بی سی سی آئی کے سیکرٹری نے بتایا کہ بھارتی ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کیا کیونکہ وہ پاکستان کی حکومت کے مرکزی رہنما ہیں، اور انہوں نے ٹرافی اور میڈلز اپنے پاس رکھے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ یہ ٹرافی اور میڈلز جلد بھارت کو واپس کر دیے جائیں گے۔

سائیکیا نے یہ بھی اعلان کیا کہ بھارتی ٹیم کو پاکستان کو شکست دینے پر 21 کروڑ روپے انعام دیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم نے تین بار پاکستانی ٹیم سے مقابلہ کیا، لیکن ہاتھ نہیں ملایا اور ٹرافی لینے سے انکار کر دیا۔ بھارتی بورڈ نے اس معاملے کو ایشین کرکٹ کونسل کو بھی اطلاع دی تھی، جس کے بعد ٹرافی واپس منگوائی گئی۔ علاوہ ازیں، بھارتی کپتان نے ٹرافی کی رونمائی کے موقع پر پاکستانی کپتان کے ساتھ تصویر بنوانے سے بھی انکار کیا تھا۔

ٹیگز: