Wed, September 16, 2026

آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم، ایران پر اہم فیصلہ متوقع: ٹرمپ

آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم، ایران پر اہم فیصلہ متوقع: ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے متعلق پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں، جس کے بعد امریکی بحری جہاز اپنے وطن واپسی کا عمل شروع کر سکتے ہیں۔

وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو اس امر پر اتفاق کرنا ہوگا کہ وہ کسی صورت جوہری ہتھیار یا ایٹمی بم حاصل نہیں کرے گا، جبکہ آبنائے ہرمز کو فوری طور پر ہر قسم کی رکاوٹ اور ٹول کے بغیر کھولا جانا ضروری ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کا جوہری مواد تباہ شدہ پہاڑوں کے نیچے گہرائی میں موجود ہے، اور یہ صورتحال گزشتہ سال امریکی B-2 بمبار طیاروں کے حملوں کے نتیجے میں پیدا ہوئی تھی۔ ان کے مطابق امریکا اس زیرِ زمین مواد کو نکال کر مکمل طور پر ختم کرے گا۔

امریکی صدر نے کہا کہ اس عمل میں امریکا اور چین کی تکنیکی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے، جبکہ اسے ایران اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کے تعاون سے انجام دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ متعدد دیگر کم اہم نکات پر بھی پیش رفت ہو چکی ہے، تاہم وہ اس وقت وائٹ ہاؤس کے سیچوئیشن روم میں حتمی فیصلے کے لیے اجلاس کر رہے ہیں۔

ٹرمپ کے مطابق آبنائے ہرمز میں موجود تمام بارودی سرنگیں صاف کی جائیں گی، جبکہ امریکا اپنے جدید مائن سویپنگ نظام کے ذریعے پہلے ہی متعدد سرنگیں تباہ کر چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو باقی ماندہ بارودی سرنگیں بھی فوری طور پر ہٹانا یا ناکارہ بنانا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولنا ضروری ہے تاکہ بحری آمد و رفت بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہ سکے۔

ٹیگز: