منیٰ: حج کے موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے منیٰ پیلس میں سالانہ خیر مقدمی تقریب کا اہتمام کیا، جہاں مختلف ممالک سے آئے ہوئے معزز مہمانوں، سربراہانِ مملکت اور حج مشنز کے قائدین کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
اس خصوصی تقریب میں البانیہ اور چاڈ کے صدور، ترکیہ اور مالدیپ کے نائب صدور جبکہ مصر، موریطانیہ اور گنی کے وزرائے اعظم نے شرکت کی۔ پاکستان کی نمائندگی گورنر سندھ نہال ہاشمی، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف اور علامہ طاہر اشرفی نے کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ محمد بن سلمان نے خادم حرمین شریفین کی جانب سے امت مسلمہ کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے لیے یہ باعثِ فخر ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اسے حرمین شریفین اور مقدس مقامات کی خدمت کا شرف عطا فرمایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حجاج کرام اور زائرین کی خدمت سعودی قیادت کی اولین ترجیح ہے اور یہ سلسلہ شاہ عبدالعزیز کے دور سے جاری ہے، جسے مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ برقرار رکھا جائے گا۔
تقریب کے شرکاء اور مقررین نے حج کے مثالی انتظامات اور عازمین کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر سعودی حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں قابلِ تحسین قرار دیا۔