Wed, September 16, 2026

گوگل فوٹوز کی دسویں سالگرہ پر جدید AI فیچرز کے ساتھ نیا فوٹو ایڈیٹر لانچ

گوگل فوٹوز کی دسویں سالگرہ پر جدید AI فیچرز کے ساتھ نیا فوٹو ایڈیٹر لانچ

کیلیفورنیا: گوگل فوٹوز نے اپنی 10ویں سالگرہ کی مناسبت سے فوٹو ایڈیٹنگ کا تجربہ مزید دلچسپ اور آسان بنانے کے لیے ایک نیا، جدید فوٹو ایڈیٹر متعارف کروا دیا ہے، جس میں مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی کئی زبردست فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، یہ فیچرز ماضی میں صرف گوگل پکسل فونز تک محدود تھے، لیکن اب گوگل نے انہیں تمام صارفین کے لیے دستیاب کرنے کا اعلان کیا ہے۔

نئے ایڈیٹر کا سب سے نمایاں فیچر Generative AI ہے، جو صارفین کو محض الفاظ لکھ کر اپنی تصاویر میں تبدیلی کرنے کی سہولت دیتا ہے۔ مثال کے طور پر، اگر کسی تصویر میں آسمان دھندلا دکھائی دے رہا ہو تو صارف صرف "نیلا آسمان" لکھ کر تصویر کا منظر واضح کر سکتا ہے۔

اسی طرح Auto Frame فیچر خودکار انداز میں تصویر کی ترتیب کو بہتر بنانے کی تجاویز فراہم کرتا ہے، جیسے تصویر کو فریم میں ایڈجسٹ کرنا، اضافی جگہ کو پُر کرنا یا تصویر کو توازن میں لانا۔

گوگل نے AI Enhance کے نام سے ایک اور فیچر بھی پیش کیا ہے، جو مختلف AI ٹولز کو یکجا کرتے ہوئے تین فوری تبدیلیاں تجویز کرتا ہے، جیسے روشنی کو درست کرنا، غیر ضروری عناصر کو مٹانا اور مجموعی تصویر کو بہتر بنانا۔

نیا ایڈیٹر صارفین کو تصویر کے کسی بھی مخصوص حصے پر ٹیپ کرنے پر موزوں ایڈیٹنگ تجاویز بھی فراہم کرتا ہے، جیسے پس منظر کو دھندلا کرنا یا رنگوں کو بہتر بنانا۔

اس کے ساتھ ہی گوگل نے QR کوڈ شیئرنگ کا ایک نیا فیچر بھی شامل کیا ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنے فوٹو البمز کو کیو آر کوڈ کے ذریعے دوسروں سے فوری طور پر شیئر کر سکتے ہیں۔ یہ سہولت خاص طور پر تقریبات جیسے شادیوں، سالگرہوں یا خاندانی اجتماعات میں کارآمد ثابت ہو سکتی ہے۔

گوگل کے مطابق، یہ نئے فیچرز اگلے ماہ سے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے مرحلہ وار متعارف کرائے جائیں گے، جبکہ iOS صارفین کو یہ اپڈیٹس سال کے اختتام تک دستیاب ہوں گی۔

ٹیگز: