Wed, September 16, 2026

کراچی: کورنگی میں گیس پائپ لائن میں آتشزدگی، امدادی کارروائیاں جاری

کراچی: کورنگی میں گیس پائپ لائن میں آتشزدگی، امدادی کارروائیاں جاری

کراچی :کراچی کے علاقے کورنگی کریک میں ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے قریب گیس پائپ لائن میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے، جس پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔ آتشزدگی کو 7 گھنٹے گزرنے کے باوجود قابو نہیں پایا جا سکا، اور فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیاں آگ بجھانے کے لیے موقع پر موجود ہیں۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق، آگ ممکنہ طور پر گیس لائن میں لگی ہے اور اس کی شدت تیسرے درجے کی ہے۔ آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے فوم کا استعمال کیا جا رہا ہے، اور شہر بھر سے مزید فائر بریگیڈ کی گاڑیاں طلب کر لی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق، گیس پائپ لائن میں آگ لگنے کے امکانات ہیں، اور سوئی سدرن گیس کمپنی کا عملہ بھی موقع پر پہنچ چکا ہے۔ واٹر کارپوریشن کے ترجمان نے بتایا کہ لانڈھی ہائیڈرینٹ سے فائر بریگیڈ کو پانی کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے سے قبل 1800 فٹ گہری کھدائی کی گئی تھی جو مبینہ طور پر پانی کی بورنگ کے لیے کی گئی تھی۔ جب پائپ واپس نکالنے کا عمل جاری تھا، تو اچانک زیر زمین گیس کا اخراج شروع ہوگیا، جس کے بعد گیس نے آگ پکڑ لی اور ریفائنری کے اطراف دھواں پھیل گیا۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، لیکن آگ کی شدت کے باعث قریبی علاقوں میں دھواں پھیلنے سے مقامی رہائشیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فائر فائٹنگ آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی نقصان کا صحیح اندازہ لگایا جا سکے گا۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کمشنر کراچی سید حسن نقوی سے رابطہ کرکے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ٹیگز: