Wed, September 16, 2026

رینجرز کیمپ حملہ ، گرفتار دہشت گرد کے انکشافات، افغانستان میں تربیت اور ساتھیوں کا دعویٰ

رینجرز کیمپ حملہ ، گرفتار دہشت گرد کے انکشافات، افغانستان میں تربیت اور ساتھیوں کا دعویٰ

کراچی: رینجرز کیمپ پر حملے میں گرفتار دہشت گرد عثمان نے دورانِ تفتیش مبینہ طور پر اہم انکشافات کیے ہیں۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم عثمان نے بتایا کہ وہ سات روز قبل افغانستان کے علاقے جلال آباد سے پاکستان آیا، جبکہ اس کے ساتھ عبدالہادی، جانان اور عمر فاروق نامی مزید تین افراد بھی موجود تھے۔

ملزم کے مطابق انہیں ایک زیرِ تعمیر عمارت میں رکھا گیا تھا اور حملے کے لیے استعمال ہونے والا اسلحہ وزیرستان سے لایا گیا۔ تفتیش کے دوران عثمان نے دعویٰ کیا کہ رینجرز کیمپ پر حملے میں بم جانان نے پھینکا۔

ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم نے اپنے تعلق کا دعویٰ کالعدم تنظیم جماعت الاحرار سے کیا اور بتایا کہ افغانستان میں اسے خودکش جیکٹ تیار کرنے، دھماکا خیز مواد کے استعمال اور دیگر عسکری امور کی تربیت دی گئی۔

حکام کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جس میں حملے کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور دیگر ممکنہ ساتھیوں سے متعلق معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

ٹیگز: